اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شان ورسک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جب کہ سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جہنم واصل ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ بھی شامل ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
انٹرسروسز ریلیشنز کے مطابق دہشت گرد معصوم لوگوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک بہادر سپاہی حامد رسول (31 سال) شہید جب کہ 2 اہلکار اور 2 جوان شدید زخمی ہوگئے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گر دی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔