اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جوڈیشل ریفارمز بل کی سماعت کے خلاف ملک بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ یہ بل ملک بھر کی بار کونسلوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس کی سماعت میں سینئر ججز کو بھی شامل کیا جائے۔ 63 اے کے حوالے سے غلط فیصلہ ہوا، سب کہہ رہے ہیں کہ آئین دوبارہ لکھا گیا۔
صدر پاکستان نے جوڈیشل ریفارمز بل نظر ثانی کے لئے پارلیمنٹ کو واپس بھیج دیا
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیا گیا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد چیف جسٹس کا ازخود نوٹس لینے کا اختیار سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز کے پاس چلا جائے گا۔ نوٹس لینے کا اختیار محدود ہو گا۔
بل کی منظوری کے بعد بنچز کی تشکیل اور ازخود نوٹس کا فیصلہ کمیٹی کرے گی جس میں چیف جسٹس اور دو سینئر ججز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین بھی قانون سے مستفید ہو سکیں گے۔