اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) پاکستان نے 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
پاکستان کے کامران غلام کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔پاکستان نے تیسری بار جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتی، اکیسویں صدی میں تین بار جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کی کپتان ٹیمبا باوما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقہ کی دعوت پر پاکستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 25، عبداللہ شفیق نے 0، بابر اعظم نے 73 اور کپتان محمد رضوان نے 80 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔اختتامی اوورز میں کامران غلام نے 32 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔. اس کے علاوہ عرفان خان نے 15، شاہین آفریدی نے 16 اور حارث رؤف نے 6 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مافاکا نے 4 اور مارکو جانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے 329 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن نے 74 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے بلے باز ٹونی زیزرزی نے 34، ڈیوڈ ملر نے 29، ریز وین ڈیر ڈیسن نے 23، ایڈن مارکرم نے 21 اور ٹیمبا بووما نے 12 رنز بنائے۔پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 8 اوورز میں 47 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 اور ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے ون ڈے کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی جیت کا مجموعہ برقرار رکھا اور کوئی تبدیلی نہیں کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں میزبان جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔