اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہائیڈل پاور سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئلے سے توانائی حاصل کرکے اربوں ڈالر بچائے جاسکتے ہیں، تھر کا کوئلہ سیکڑوں سال تک پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 ارب ڈالر کا ایندھن درآمد کر رہا ہے، اربوں ڈالر کا ایندھن درآمد کرنا بہت مشکل ہے، پاکستان کو سستے ایندھن کی ضرورت ہے، شمسی توانائی بجلی کی ضرورت پوری کرنے میں بہت مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کراچی میں 1100 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی گئی، اس منصوبے سے 1100 میگاواٹ ایٹمی بجلی حاصل کی جا سکتی ہے، امید ہے دوست ملک چین فی میگا واٹ، دیامر بھاشا اور داسو ڈیم کی قیمت میں کمی کرے گا۔ تکمیل میں پانچ سال لگ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست ہیں، پاک چین دوستی 75 سال میں مزید مضبوط ہوئی، چین نے جنگ اور امن میں پاکستان کا ساتھ دیا، سی پیک منصوبے پر نواز شریف کے دور میں دستخط ہوئے، سی پیک منصوبے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اربوں ڈالر کے ایندھن کی درآمد میں بچت کرکے آگے بڑھ سکتا ہے، پاکستان ہائیڈل پاور سے 60 ہزار میگاواٹ کی پیداواری صلاحیت رکھتا ہے، آئندہ منصوبوں کے لیے چین کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔