اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پارل، جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا گیا، جو قومی ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔جنوبی افریقہ کے لیے ہنریک کلاسن نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ ریان رکلٹن نے 36، ایڈن مارکرم نے 35 اور ٹونی ڈی زورزی نے 33 رنز بنائے۔. مارکو جانسن 10 اور وان ڈیر ڈوسن 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔. ٹرسٹن اسٹبس اور اینڈائل فلوکائیو نے ایک ایک رن بنایا۔پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 4 جبکہ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
240 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گر گئی جب عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہو گئے۔بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے ایک اور کامران غلام نے 4 رنز بنائے۔اس موقع پر اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلی اور آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔. صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی اور 201 رنز کے مجموعی اسکور میں 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے جانشین عرفان خان نے ایک رن بنایا جبکہ شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس آگئے۔اس موقع پر آغا سلمان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھی اور نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلائی۔.
آغا سلمان 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ نسیم شاہ بھی 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور اوتھنیل بارٹ مین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔سلمان آغا کو ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔