ارډدوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس سے پہلے جھکا ہے نہ اب جھکے گا شہادت کی ہماری خواہش زندگی سے بڑی ہے۔
چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ہندوستان کے ساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات اور علاقائی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے چائنا میڈیا گروپ کے ہر سوال کا تفصیلی اور حقائق پر مبنی جواب دیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
بڑے ممالک کا بھی بڑا وژن ہے اور لوگ انسانیت کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس سے پہلے کبھی نہیں جھکی اور نہ اب جھکے گی میں یہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ شہادت کی ہماری خواہش زندگی سے بڑی ہے۔
چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہن رکھی ہو، شہادت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور چین دنیا کے دو ذمہ دار ممالک ہیں۔. پاکستان اور چین دونوں کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔. عوام کی خوشحالی ہمیشہ امن و استحکام سے آتی ہے۔ پاکستان اور چین دونوں خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دنیا کو وہ پیشرفت دیکھنی چاہیے جو چین نے اتنی بڑی آبادی کے ساتھ اتنے کم عرصے میں کی ہے۔
پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ہم ترقی اور استحکام کی طرف بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح امن ہے. اگر آپ آج پاکستان کی سڑکوں پر نظر ڈالیں گے تو آپ دیکھیں گے کہ لوگ امن کا جشن منا رہے ہیں
. آپ پاکستان کے عوام میں انسانیت کو دیکھیں گے.ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے سجدہ کرتے ہیں کیونکہ ہم امن پسند ہیں، آپ دیکھیں گے کہ انشا اللہ پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔