اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، پاکستان کے پاس کھربوں ڈالر کے اثاثے ہیں، ملک ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہو لیکن ایسا بالکل نہیں ہوا، ہم تمام ادائیگیاں وقت پر کریں گے اور ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، ن لیگ نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، مہنگائی کے باعث عام آدمی پر بوجھ پڑ گیا، ماضی میں کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کے نقصان کی بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے، ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، تمام مسائل ایک دو دن میں حل نہیں ہوسکتے، ادائیگیوں میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی، کوششیں کی جارہی ہیں وقت پر ادائیگی ہو
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈیفالٹ کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، کچھ لوگ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کے لیے بے تاب ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا، ہمارے پاس کھربوں ڈالر کے اثاثے ہیں، پاکستان خودمختار ملک ہے ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔