اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) بھارت کی جانب سے جدید اسرائیلی ڈرونز کی دراندازی دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پاک فوج نے آج مزید 6 ڈرون مار گرائے۔
بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے چار جدید اسرائیلی ہیروپ ڈرون اوکاڑہ کینٹ کے علاقے میں آبادی سے کچھ فاصلے پر فصلوں میں مار گرائے گئے جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ایک ڈرون وہاڑی اور ایک پاکپتن میں تباہ کیا ہے۔ کل سے اب تک دشمن کے 35 ڈرون تباہ ہوچکے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ڈرونز کی ریڈار پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو اسے مسلسل ریڈار پر دیکھا جاتا ہے۔ ہمارے فضائی دفاعی نظام میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کر سکتا ہے۔ شہری علاقوں میں اور تجارتی پروازوں کی موجودگی میں ڈرون کو مار گرانے کا ایک آپریشنل طریقہ کار ہے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام اور فضائی دفاعی نظام دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز بھی اسرائیلی ڈرونز کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تھی تاہم پاک فوج نے سوئفٹ اور ہارڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 29 ہیروپ ڈرون مار گرائے تھے۔