اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ، دونوں جانب حالا ت کشیدہ ہو گئے
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویوز میں پاکستان کی پوزیشن کو جامع انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جانتا ہے کہ بھارت کی بزدلانہ اور بلاجواز جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کیسے کرنا ہے اور اس کا حق محفوظ ہے۔ پاکستانی سفیر نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔. انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری بالخصوص امریکہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر امریکہ اور صدر ٹرمپ جموں و کشمیر پر دیرینہ تنازعہ کو حل کرنے میں مثبت پیش رفت کی توقع رکھتے ہیں۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت میں 1.6 بلین کی مشترکہ آبادی مسئلہ کشمیر سے براہ راست متاثر ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔