اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اوٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی یاد میں یومِ سیاہ کشمیر منایا۔
اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان انسانی حقوق کے کارکنان اور کشمیریوں کے حامی شریک ہوئے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ یومِ سیاہ کشمیر گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی جبر و استبداد کی یاد دہانی ہے اور یہ دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پیش کیے گئے، جن میں اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کو دوہرایا گیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آج اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیںجو بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے قونصل خانوں مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں بھی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔