اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر پاکستان میں آج یوم سوگ منایا جارہا ہے
وزارت خارجہ کی سفارش پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر 12 ستمبر کو ملک میں یوم سوگ منانے کی منظوری دی۔
کابینہ ڈویژن کو اس سلسلے میں مزید ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق آج ملک بھر میں پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔
پاکستانی مشن نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ملکہ برطانیہ کے "افسوسناک انتقال” پر برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ "یکجہتی کا اظہار” کرنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
ملکہ الزبتھ دوم جمعرات کو 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک رہنے والی بادشاہ تھیں۔
صدر عارف علوی نے ملکہ الزبتھ دوم کو ان کی موت کے بعد ایک "عظیم اور مہربان حکمران” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جانے سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں "عالمی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا”۔