اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے اندر رہنے والے مہاجرین کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے
پناہ گزینوں کا عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود گزشتہ 40 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے نمایاں کردار کی یاد دہانی ہے۔ پناہ دینا ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں مہاجرین کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کے لیے عالمی برادری سے مالی امداد حاصل کی، وقت کے ساتھ امداد میں کمی کے باوجود مہاجرین کی فلاح و بہبود اور رضاکارانہ واپسی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی لوگوں کے درمیان کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، پاکستان نے مہاجرین کی ہر ممکن مدد کی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے مہاجرین کے لیے باوقار زندگی کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کیے ہیں اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سمیت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے اندر رہنے والے مہاجرین کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو علم اور ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے ہیں۔ پاکستان نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ مہاجرین کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔
صدر مملکت نے امداد فراہم کرنے پر بین الاقوامی اداروں اور تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا