ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں امن کے لیے فوری اقدامات کرے، قابض طاقت ہونے کے ناطے اسرائیل کو چوتھے جنیوا کنونشن کا احترام کرنا چاہیے۔ فوجی کارروائیوں میں حکمت عملی کے وقفے سے انسانی امداد غزہ پہنچنے میں مدد نہیں مل سکتی، پاکستان غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگرا ن وزیراعظم نے ازبکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔ نگران وزیراعظم نے دو روز قبل پریس کانفرنس میں اس حوالے سے پالیسی بیان دیا تھا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تاشقند میں 16ویں ای سی او سمٹ میں شرکت کی، انہوں نے او آئی سی کے وژن پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ .
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبکستان اور آذربائیجان کے صدور سے ملاقات کی
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ نگرا ن وزیراعظم کا پاکستان کی امیگریشن پالیسی سے متعلق بیان بالکل واضح تھا۔ افغان عبوری انتظامیہ کو دھمکیوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں کا آئین اور قوانین مذہب پر عمل کرنے کی آزادی فراہم کرتے ہیں، پاکستانی قوانین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔