پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر علی امین گنڈاپور ایوان میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اسپیکر نے وزیرِاعلیٰ کے انتخاب کا عمل شروع کرتے ہوئے کہا کہ پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی تاکہ تمام اراکین ووٹنگ میں شریک ہو سکیں۔

اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ آئین کے مطابق ہے اور اس پر ان کے اپنے دستخط موجود ہیں، لہٰذا گورنر کی جانب سے اٹھایا گیا اقدام غیر آئینی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی چیئرمین نے سہیل آفریدی کو باضابطہ طور پر نامزد کیا تھا۔

اجلاس میں علی امین گنڈاپور نے سہیل آفریدی کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالتے وقت خزانہ خالی تھا، تاہم حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف ہمیشہ پاکستان کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں اور آج بھی قوم کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ابھی تک منظور نہیں ہوا، لہٰذا نئے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب نہیں ہو سکتا۔ اس اعلان کے بعد اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپوزیشن کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئین کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ قانونی تقاضوں کے مطابق چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قائدِ ایوان کا انتخاب مکمل طور پر آئینی طریقہ کار کے تحت کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیرِاعلیٰ کے عہدے کے لیے چار امیدوار میدان میں تھے، جن میں پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، اور ن لیگ کے سردار شاہ جہان شامل تھے۔ اپوزیشن جماعتیں کسی ایک امیدوار پر متفق نہ ہو سکیں، جس کے باعث سہیل آفریدی واضح اکثریت سے وزیرِاعلیٰ منتخب ہو گئے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔