ویانا(رپورٹ: محمد عامر صدیق) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پاکستانی کمیونٹی فورم اسٹریا کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور یوم تشکر منانے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسٹریا بھر سے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جس کی سعادت محمد طارق نے حاصل کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عمران علی مغل نے بخوبی انجام دیے۔ اس موقع پر افواج پاکستان کی کامیابیوں اور آپریشن "بنیان مرصوص” کے حوالے سے مختلف مقررین نے خطابات کیے۔جن مقررین نے اس موقع پر اظہار خیال کیا ان میں پاکستانی کمیونٹی فورم اسٹریا کے چیئرمین لالا محمد حسین تبسم، پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کے صدر ندیم خان،خواجہ منظور،ڈاکٹر قیصر مقبول،اور اسٹریا کے شہر انسبرک سے آئے ہوئے مہمان روحان خان شامل تھے۔ اپنے خطابات کے دوران شرکاء کا جوش و خروش دیکھنے والا تھا۔ پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے ہال گونجنے لگا۔
مقررین نے خطابات میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا افواج پاکستان کو شاندار فتح پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔کہ جس دلیری اور بہادری کے ساتھ افواج پاکستان نے دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے، تاریخ میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ پاکستانی قوم نے اس جنگ میں ثابت کر دیا کہ ہم ایک ہیں اور تمام قوم اس جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہم تمام پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں، اس پر آج ہر پاکستانی ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ شرکائے تقریب نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اپنے وطن سے محبت اور افواج پاکستان سے وفاداری ہمیشہ ان کے دلوں میں زندہ رہے گی۔ بعداذ اس جنگ میں شہید ہونے والے کشمیر و پاکستان کے شہیدوں کے لیے حافظ نعیم نے خصوصی دعائیں کروائیں۔ پاکستانی کمیونٹی فورم آسٹریا کے صدر ندیم خان نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کا پاکستانی روایتی کھانوں بالخصوص دیسی گھی کے حلوے سے منہ میٹھا کرایا گیا۔