اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان کے ہائی کمیشن اوٹاوا اور کینیڈا میں موجود تینوں قونصل خانوں (مونٹریال، ٹورنٹو، اور وینکوور) نے 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال نہایت وقار اور سنجیدگی سے منایا۔ اس دن کا مقصد بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی چھٹی برسی منانا تھا، جب 2019 میں اس نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کو منسوخ کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی۔ یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اوٹاوا میں واقع پاکستان ہائی کمیشن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تاکہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیر اعظم، اور نائب وزیر اعظم / وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات شرکاء کو پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب کے دوران بھارتی مظالم پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جس سے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز کی تفصیلی آگاہی حاصل ہوئی۔ ساتھ ہی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بھارتی مظالم کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔ اس موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
یہ تقریبات پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور کشمیری کاز سے ہمدردی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہائی کمشنر محمد سلیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جسے "الحاق” کہا، دراصل ایک زبردستی کا قبضہ ہے۔ 5 اگست 2019 کو بھارت نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے نہ صرف اپنی ہی آئینی شق کی خلاف ورزی کی بلکہ کشمیریوں کے لیے واحد قانونی تحفظ کو بھی ختم کر دیا۔ پاکستان نے اس عمل کو غیر قانونی قبضہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی تھی، جبکہ بھارت نے اسے معمول کی تبدیلی قرار دیا۔ چھ سال گزرنے کے بعد بھارت کا یہ جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے، اور کشمیریوں کی حالت پہلے سے زیادہ بدتر ہے۔
ہائی کمشنر نے اقوام متحدہ، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں، بھارت کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائیں، اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی حمایت کریں۔