اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے پاکستان کی پانچوں چوٹیاں (8 ہزار میٹر سے اونچی) سر کی ہیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔
نائلہ نے یہ کارنامہ 8051 میٹر اونچی براڈ پیک جو کہ دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے سر کر کے سر انجام دیا ہے۔
نائلہ کیانی نے حال ہی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے تاریخ رقم کی، نائلہ کیانی اس سال 2023 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں۔
یہ اعزاز اس سے قبل پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ کے پاس تھا، جو 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔
پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی بھی پاکستان میں کے ٹو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو کوہ پیمائی کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
نائلہ نانگا پربت، لوتھسے، اناپورنا اور گیشربرم کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی ہیں جبکہ وہ 8000 میٹر کی 14 میں سے 8 چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔
نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب کے راولپنڈی شہر کے علاقے گوجر خان کے ایک قدامت پسند خاندان سے ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے پر ستارہ امتیاز سے نوازنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
دسمبر 2021 میں نائلہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے کوہ پیمائی میں ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔