اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔
اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں 122 رنز سے شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی جب کہ پاکستان ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا۔
سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں فتح کے باوجود بھارت کا ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی پوزیشن سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی جس سے بھارت کو ٹاپ پر پہنچنے کا نادر موقع ملا لیکن آسٹریلیا کے لیے جنوبی افریقہ اور بھارت سے میچ ہارنا ضروری تھا۔ بنگلہ دیش بھارت اور سری لنکا کے خلاف میچوں میں کامیاب رہیں۔
آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے اور پانچویں ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دینے والی بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف سپر فور کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث بھارت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔اس وقت آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان اور بھارت دونوں کی ریٹنگ 115 پوائنٹس ہے تاہم پاکستان 10 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ آگے ہے۔
آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 22 ستمبر سے تین میچوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی جہاں ان کے پاس دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہوگا جب کہ پاکستان ورلڈ کپ سے قبل کوئی ون ڈے نہیں کھیلے گا۔آسٹریلیا کے درمیان پہلا میچ 22 ستمبر کو موہالی، دوسرا میچ 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا میچ 27 ستمبر کو بڑودہ میں کھیلا جائے گا۔