اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پہلا کامیاب ٹرانسپلانٹ پاکستان میں بڑی آنت کے کینسر کے علاج کے لیے کیا گیا جو جگر میں پھیل گیا تھا۔
پاکستان میں بڑی آنت کے کینسر کے لیے پہلا کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ شفا انٹرنیشنل اسلام آباد میں کیا گیا۔کراچی کی ایک خاتون کو بڑی آنت کے آخری حصے میں کینسر کی تشخیص ہوئی جو بعد میں جگر میں پھیل گئی جس کے بعد بڑی آنت کے کینسر سے متاثرہ جگر کی پیوند کاری کی گئی۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا سارا جگر کینسر کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا اور شوہر نے اپنی بیوی کی جان بچانے کے لیے اپنے جگر کا بایاں حصہ عطیہ کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق یہ خاتون اب مکمل طور پر کینسر سے پاک ہے اور معمول کی زندگی گزار رہی ہے۔