ارددو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کا 77 واں یوم آزادی آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ رات 12 بجتے ہی پاکستان وادی پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کے جوانوں کی بے ترتیب تعیناتی اور جبر و استبداد کے باوجود بہادر کشمیریوں نے پاکستان کا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا۔
پاکستان کی سرزمین سے بے پناہ محبت کے اظہار کے طور پر کشمیریوں نے مختلف مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے۔ دیواروں پر پوسٹرز اور بینرز آویزاں تھے جن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کے نعرے درج تھے۔ہر گلی اور ہر محلے سے دلیر اور بہادر کشمیری گروپ ہاتھوں میں پاکستان کا جھنڈا تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد اور پاکستان میں شمولیت کے حق میں بھی شدید نعرے لگائے۔
یہ بھی پڑھیں
مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی قوم کو یوم آزادی مبارکباد کے پوسٹرز آویزاں
مساجد میں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان کے یوم آزادی پر پرجوش کشمیریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔دوسری جانب کشمیری رہنماؤں نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا اور بھارت کو پیغام دیا جائے گا کہ اس کے تمام تر جبر اور ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔