اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سڈنی کے بونڈائی بیچ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے درد کو بخوبی سمجھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے معصوم شہریوں کے خلاف تشدد کی شدید مذمت کی اور مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے اور مشکل وقت میں آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب کو بھی تعزیتی پیغام بھیجا۔
وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابل معافی جرم ہے اور پاکستان کو روزانہ اس خطرے کا سامنا ہے۔
اس واقعے میں سڈنی کے ساحل پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے، جن میں دو پولیس اہلکار اور بچے بھی شامل ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کو فون کر کے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آسٹریلیا کے ساتھ ہے۔ ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے اس موقع پر کہا کہ سڈنی کا واقعہ ایک سیاہ دن ہے، اور اس مسلم شہری کی بہادری کی تعریف کی جو لوگوں کی زندگیاں بچانے والا ہیرو بن کر سامنے آیا۔