اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سرحد پر تعیناتی کے دوران غلطی سے پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی فوجی کو اس کے وطن واپس بھیج دیا گیا۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کا سپاہی پاکستان کے ہیڈ سلیمانکی علاقے میں داخل ہوا تو اسے پاکستان رینجرز (پنجاب) نے پکڑ لیا۔
ہندوستانی میڈیا نے دعوی کیا کہ فوجی اہلکار دھند کی وجہ سے صحیح طرح سے راستہ نظر نہ آنے کے باعث سرحد کے پار پاکستانی حصے میں چلا گیا۔
واقعے کے بعد پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے اہلکاروں نے فلیگ میٹنگ کی تو بھارتی کمانڈر نے اعتراف کیا کہ ان کا سپاہی نادانستہ طور پر پاکستان میں داخل ہوا تھا۔
پاکستانی حکام نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بی ایس ایف کے سپاہی کو بھارتی حکام کے حوالے کیا تاہم پاکستانی حکام نے ابھی تک اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ایک ہفتے میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کوئی ہندوستانی فوجی غلطی سے سرحد کراس کر کے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا ہے
اس سے قبل پاکستان نے جارحیت کے تحت اور بری نیت سے آنیوالے ابھی نندن کوپکڑ کر پھرواپس کردیا تھا پاکستان کی طرف سے جذبہ خیرسگالی کیا جاتا ہے تاہم بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے باز نہیں آرہا عالمی برادری کو اس معاملےمیں نوٹس لینا ہوگا۔