ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش کیا، جہاں سماعت کے دوران پولیس نے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
پرویز الٰہی کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست میں تفتیش کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ کل وکلا ایک دوسرے کی ضمانتیں کروا رہے ہوں گے، میں شاہ محمود کا وکیل تھا، اسی کیس میں ضمانت کنفرم ہوئی، پرویز الٰہی کی شناخت پریڈ کی ضرورت نہیں، ملک انہیں جانتا ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس لاہور کے ڈپٹی کمشنر یا پنجاب پولیس کو ڈکٹیٹ نہیں کر رہی۔ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے مخبر نے مدعی کو بتایا کہ پرویز الٰہی ملوث ہے۔پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ پرویز الٰہی کا ڈنڈا، گاڑی، مددگار وغیرہ کے حوالے سے جسمانی ریمانڈ درکار ہے اور انہیں قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔عدالت نے پرویز الٰہی کی اہل خانہ سے ملاقات کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 8 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔