اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو سے سابق کپتان عمران خان کو ہٹانے پر تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کر دیا ہے جس میں عمران خان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
14 اگست کو پی سی بی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں 1952 سے لے کر آج تک کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر دکھائے گئے۔لیکن 1992 میں پاکستان کے لیے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے واحد کپتان عمران خان اس پوری ویڈیو میں غائب تھے، جس پر صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور عمران خان کی عدم موجودگی پر تنقید کی۔اس کے علاوہ شائقین نے پی سی بی کے پہلے پرومو میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور خواتین ٹیم کی فتوحات نہ دکھانے پر بھی پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
The PCB has launched a promotional campaign leading up to the CWC 2023. One of the videos was uploaded on 14th August 2023. Due to its length, the video was abridged and some important clips were missing. This has been rectified in the complete version of the video ⤵️ pic.twitter.com/Rz2OBDyI9i
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2023
تاہم شائقین کی تنقید کے بعد پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا، نئے پرومو میں عمران خان کی ویڈیو اور تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔نئے پرومو میں عمران خان کو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے پرومو میں ایشین گیمز میں پاکستان ویمن ٹیم کی فتح کا بھی ذکر ہے جب کہ نئی ویڈیو میں ندا ڈار کا 100 وکٹوں کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پی سی بی نے نئی ویڈیو میں مصباح الحق کے ٹیسٹ میس کو بھی شامل کیا ہے۔