اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں سے مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے قافلے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کی رہائش گاہ اسلام آباد روانہ ہو گئے۔کارکنوں کو اسلام آباد روانگی سے قبل سابق ایم پی اے توفیق بٹ کے ڈیرے پر ناشتہ دیا گیا۔سابق ایم پی اے توفیق بٹ کی قیادت میں قافلہ گوجرانوالہ کینٹ کے سامنے رک گیا جس کے بعد توفیق بٹ اور لیگی کارکنوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔مسلم لیگ ن کا قافلہ بھی میاں چنوں سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔
راجن پور کے علاقے روجھان سے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا، جام پور سے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی کی قیادت میں قافلہ وفاقی دارالحکومت کی جانب رواں دواں ہے۔خانیوال سے مسلم لیگ ن کا قافلہ کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوا ۔
یہ بھی پڑھیں
دھرنے کیلئے جگہ کی تبدیلی ،وفاقی وزراء فضل الرحمن کو قائل کرنے میں ناکام
سابق ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید کی سربراہی میں قافلہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے روانہ ہوا۔جمعیت علمائے اسلام کا قافلہ فیصل آباد سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنان انفرادی طور پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے۔ ضلع سرگودھا سے مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان اسلام آباد روانہ ہو گئے۔حافظ آباد، جہانیاں، کمالیہ سے مسلم لیگ ن کے قافلے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں۔ میانوالی میں مسلم لیگ ن کا بڑا قافلہ روکھڑی ہاؤس سے اسلام آباد میں دھرنے کے لیے روانہ ہوگیا۔