اردو ورلڈ (ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت نے اگست 2019 سے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم خطے میں امن کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے اور ہم تمام ممالک کے ساتھ باہمی مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ معیشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ملک کے معاشی حالات جلد بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہیں اور کیڈٹس کے والدین کو بھی مبارکباد دیتے ہیں جب کہ بہترین، منظم اور پیشہ ور کیڈٹس کی قیادت کرنے پر ائیر چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں۔