اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فلسطینی عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافی کی جا رہی ہے جسے اب درست کرنے کا وقت آ گیا ہے۔کازان میں منعقدہ ’برکس‘ سربراہی اجلاس میں روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک فلسطینیوں کے ساتھ برسوں سے جاری ناانصافیوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔روس کے صدر نے اسرائیل کا نام لیے بغیر کہا کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے ایک منصفانہ عالمی نظام کو مسدود کیا جا رہا ہے جو ہر چیز پر قبضہ کرنے کی منطق کے ساتھ سوچنے اور کام کرنے کے عادی ہو چکے ہیں۔
صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ غزہ میں 40 ہزار سے زائد انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور اب جنگ کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا گیا ہے۔روسی صدر نے کہا کہ غزہ، ایران اور لبنان کے جنگی حالات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جس نے پورے مشرق وسطیٰ کو خوفناک جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔یاد رہے کہ برکس سربراہی اجلاس روس کی وفاقی ریاست تاتارستان کے دارالحکومت کازان میں منعقد ہو رہا ہے جس میں چین کے صدر سمیت دیگر 9 رکن ممالک کے سربراہان یا نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔