اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھار ٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی لائیو تقاریر اور پریس کانفرنسز نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔
پیمرا کے اعلامیے کے مطابق اعظم خان سواتی کی پریس کانفرنس، میڈیا کوریج، بیان یا ٹکرز پر بھی پابندی ہوگی۔
پیمرا نے ٹی وی چینلز کو سینیٹر اعظم خان سواتی کو ٹاک شوز میں مدعو کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
دوسری جانب مقامی عدالت نے اتوار کو ریاستی ادارے کے خلاف متنازع بیانات پر گرفتار پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے گرفتاری کے بعد سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کو ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد کے نواحی علاقے چک شہزاد میں واقع ان کے فارم ہاس سے اس وقت حراست میں لیا جب ان کی پارٹی نے پڑوسی شہر راولپنڈی میں پاور شو کیا تھا۔
74 سالہ سیاستدان کو ایک ماہ سے زائد عرصے میں دوسری مرتبہ گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے گزشتہ ماہ دارالحکومت کی ایک عدالت سے متنازع ٹویٹس کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت حاصل کی تھی۔
ایف آئی اے نے اسلام آباد سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کے ذریعے ریاست کی شکایت پر فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کی ہے۔