اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے، ملک میں یہ فیصلہ کن وقت ہے، پاکستان آج مسائل کا شکار ہے۔
کراچی میں ویمن کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 90 کی دہائی کے بعد پاکستان تنزلی کا شکار ہوا۔ پاکستان کے بحران کا ذمہ دار صرف ایک شخص ہے جو 2 خاندان ایک دوسرے کو چور کہتے رہے آج ایک ہوگئے ہیں
ملک میں بحران کی پیش گوئی 7 ماہ پہلے کردی تھی ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ساری ترقی اشتہارات اور پروپیگنڈے میں ہے، صاف اور شفاف الیکشن سے ہی شفاف حکومت بنے گی۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر لڑنا ہوگا، پی ڈی ایم کا مقصد اپنی چوری بچانا تھا
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے پہلے صاف اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں، پولیٹیکل انجینئرنگ سے مسائل حل نہیں ہوں گے، پاکستان کو اس وقت مضبوط حکومت کی ضرورت ہے، آٹا میسر نہیں، لوگ آٹا لینے کے لیے جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ پاکستانی مایوس ہو کر ملک چھوڑ رہے ہیں، ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، موجودہ حکومت ایجنڈے کے تحت آئی، ملک دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل ہو رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام اداروں سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گا، پاکستان اس طرف جا رہا ہے جہاں سری لنکا پہنچ گیا، 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی آج ہے اور بڑھ رہی ہے۔ وزارتوں کے لیے نہیں ملک کی خاطر نکل رہے ہیں، پاکستان کو مل کر اس بحران سے نکالنا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مربوط انسداد دہشت گردی پالیسی کے بجائے انٹیلی جنس کی توجہ جعلی آڈیوز اور ویڈیوز کی تیاری پر ہے، ہم دہشت گردی میں خطرناک اضافہ دیکھ رہے ہیں، اہلکار مخصوص ہدف ہیں، ہم دہشت گردی کی کارروائیوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔