اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)آزاد کشمیر میں سیاسی تبدیلی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے موجودہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اتفاق کر لیا۔ مسلم لیگ (ن) نے واضح کیا ہے کہ وہ نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔
ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت پر مزید اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت سازی میں شامل نہیں ہوگی۔
احسن اقبال کے مطابق آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے اور اگر پیپلز پارٹی کو اکثریت ملی تو وہ نئی حکومت تشکیل دے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا فیصلہ ہے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی، جبکہ پیپلز پارٹی سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت بنائے گی۔
صدر آصف علی زرداری سے مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صدر مملکت نے ن لیگ کو حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، اور پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے لیے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان کریں گے۔