اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان اور کشمیر میں تعاون کے ساتھ ساتھ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو ایک اور بڑی پیشکش کر دی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو باضابطہ طور پر دعوت دی کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومت کے امور میں وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری یہ پیشکش خصوصی طور پر مولانا کے پاس لے کر گئے، جس پر مولانا فضل الرحمان نے مشاورت کے لیے وقت طلب کیا۔ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ون آن ون ملاقات میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی اس ملاقات کے بعد سندھ کی اپوزیشن بھی متحرک ہو گئی ہے اور سندھ اپوزیشن کا وفد بھی جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے جائے گا۔
اسی حوالے سے پیر پگارا کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا جائے گا، اور پیر پگارا کے بیٹے راشد شاہ کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ ہوا ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور پیر راشد شاہ کے درمیان آج رات ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جی ڈی اے کا اعلیٰ سطحی وفد بھی صاحبزادہ پیر پگارا کے ساتھ ملاقات میں شریک ہوگا، جس میں جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی، معظم عباسی اور محمد خان جونیجو بھی شامل ہوں گے۔