تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی جانب سے 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ‘شریف برادران اور متعلقہ جماعتوں کے درمیان مفاہمت کا ذکر کیے جانے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے ایک اور سینئر رہنما نواز شریف کو وطن واپسی پر ‘سرکاری پروٹوکول دینے کے ارادے پر معترض ہیں انہوں نے کہا کہ وطن واپسی کے بعد الیکشن لڑنے کا سوچنے سے پہلے جیل میں اپنی سزا پوری کر لیں۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سزا یافتہ نواز شریف کو پاکستان واپسی پر سرکاری پروٹوکول دینے کا کوئی جواز نہیں
پی پی پی لاہور کے صدر اسلم گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آکر قید کی مدت پوری کرنی چاہیے اور اس کے بعد ہی الیکشن لڑنے کا سوچنا چاہیے
نواز شریف العزیزیہ کرپشن کیس میں 7 سال قید کی سزا کے دوران 2019 میں ‘علاج کے لیے لندن گئے تھے جب لاہور ہائی کورٹ نے انھیں ‘4 ہفتوں ‘ کے لیے ضمانت دی تھی۔
ان 4 سالوں کے دوران العزیزیہ اور ایون فیلڈ کرپشن کیسز میں عدالتی کارروائی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی وجہ سے انہیں اشتہاری قرار دیا گیا۔
نواز شریف اس وقت سعودی عرب میں ہیں اور 21 اکتوبر کو دبئی کے راستے پاکستان روانہ ہوں گے اور مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے، ان کی قانونی ٹیم آئندہ ہفتے ان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دے گی۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ایک بات نہیں بھولنی چاہیے کہ نواز شریف کے کندھوں پر مقدمات کا بہت بڑا بوجھ ہے اور وہ سزا بھی بھگت چکے ہیں۔
انہوں نے نواز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان نہ بنیں اور اسے اپنا کام کرنے دیں۔
نگرانحکومت پر الزام لگاتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ عام انتخابات کرانے کے علاوہ سب کچھ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی اصل ذمہ داری انتخابات کرانا ہے اور وہ باقی تمام کام کر رہی ہے لیکن اپنے اصل کام سے غافل ہے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ان ترقیاتی کاموں کو روکنے کے لیے عدالت جانے کا حق محفوظ رکھتی ہے، جن کا مقصد ایک ‘مخصوص جماعت کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین پرسنل سرونٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور یہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے، پیپلز پارٹی ایسی چیزوں کی نشاندہی کرتی رہے گی۔