اُردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ میں نے عمران خان کو سپورٹ کیا، سپورٹ کر رہے ہیں اور سپورٹ کرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات کو بہتر بنانا ہے، غریبوں کو ریلیف دینے کے لیے ہمیشہ خلوص نیت سے کام کیا، ایسے کام کر رہے ہیں کہ عوام میرے پہلے دور کی طرح یاد رکھیں گے
پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ کی طرح ہم نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کیں، ون مین شو کے بجائے پوری ٹیم کے ساتھ چلتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، انہوں نے عمران خان کو سپورٹ کیا، سپورٹ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ان کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ میں ریکارڈ ترقی کا دور تھا، اب بھی مختصر عرصے میں انہوں نے عوامی فلاح کے لیے بڑے اقدامات کیے ہیں۔