اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 197 رنز بنا سکی اور یوں اسے 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور کی اننگز
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔پشاور کی جانب سے بابر اعظم نے 68 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 92 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں
پی ایس ایل، لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دیدی
کراچی کے لیے محمد عامر اور عماد وسیم مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔ عامر نے 4 اوورز میں 42 رنز د ئیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے، عماد نے 3 اوورز میں 42 رنز د ئیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔کراچی کی جانب سے میر حمزہ، اینڈریو ٹائی، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ میتھیو ویڈ 23، قاسم اکرم 7 اور حیدر علی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد شعیب ملک اور کپتان عماد وسیم نے پانچویں وکٹ کے لیے 131 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ملک 52 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔
عماد وسیم نے پشاور کے باؤلرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے اور آخری اوور میں کراچی کی ٹیم دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے ہار گئی۔
کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا سکی، عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جیمز نیشم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور کے ٹام کوہلر کیڈمور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔