میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین لائرز فار انٹرنیشنل ہیومن رائٹس اور فلسطینی گروپ الحق نے کینیڈین حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسرائیل میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں کو بند کیا جائے۔ اسلحہ، فوجی سازوسامان اور جنگی ٹیکنالوجی اسرائیل کو منتقل کی جاتی ہے، ہزاروں شہادتوں کے بعد بھی فوجی سازوسامان اسرائیل کو دیا جا رہا ہے۔
مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد، گلوبل افیئرز کینیڈا کے ترجمان نے یہ کہتے ہوئے جواب دیا، "برآمد کی اجازت سے متعلق ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہمارے پاس دنیا میں سب سے مضبوط برآمدی کنٹرول سسٹم ہے، اور انسانی حقوق کا احترام ہمارے برآمدی قوانین میں شامل ہے۔ "انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے اسرائیل کو اسلحہ برآمد کرنے کے اجازت نامے کے لیے کوئی درخواست موصول یا منظور نہیں کی تھی اور 7 اکتوبر کے بعد جاری کیے گئے تمام اجازت نامے درحقیقت غیر مہلک ہتھیاروں کے لیے تھے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک کینیڈا نے اسرائیل کو 28.5 ملین کینیڈین ڈالر مالیت کے پرمٹ جاری کیے ہیں۔ ان اجازت ناموں کی بنیاد پر فوجی سازوسامان برآمد کرنے والی کمپنیاں اسرائیل کو فوجی سازوسامان بھیج سکیں گی۔ یہ سامان گزشتہ سال اسرائیل کو برآمد کیا گیا تھا۔