اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی آئی اے افسران اور ملازمین کی رواں ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں ہو سکیں، تنخواہوں میں مزید تاخیر ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کے باعث پی آئی اے گروپ ون سے فور کے ملازمین اور افسران کو رواں ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں جب کہ گروپ فور سے اوپر کے افسران کی تنخواہوں میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔ چند روز قبل ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ٹیکس کی وصولی کے لیے قومی ایئرلائن کے اکاؤنٹس منجمد کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس بند ہونے کے باوجود قومی ایئرلائن انتظامیہ کے پاس ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم نہیں، مذکورہ رقم کا بندوبست سرکاری ادارے سے کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کے عملے کی تنخواہوں کی رقم ایک ارب 10 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، گزشتہ ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم لی تھی۔