اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قومی ایئرلائن پی آئی اے کو بالآخر بڑی کامیابی حاصل ہوگئی ہے اور اسے برطانیہ کے لیے براہِ راست مسافر اور کارگو پروازیں آپریٹ کرنے کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے۔
اس حوالے سے پی آئی اے کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا گیا ہے جو آئندہ پانچ برس کے لیے مؤثر ہوگا۔ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق پی آئی اے آئندہ ماہ سے براہِ راست برطانیہ کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی۔ ابتدائی مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد لندن اور برمنگھم کو بھی فضائی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
برطانوی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے گزشتہ روز باضابطہ طور پر پی آئی اے کو اجازت نامہ جاری کیا گیا، جس کے بعد قومی ایئرلائن کو نہ صرف مسافر بلکہ سامان بردار پروازیں چلانے کی بھی مکمل اور جامع منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اس کامیابی پر وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزارتِ دفاع، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر مرحلے پر مکمل سرپرستی اور تعاون فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ پانچ برسوں میں مسلسل اور کڑے آڈٹس کا سامنا کیا اور بھرپور محنت و استقامت سے اس مشکل مرحلے کو عبور کیا، جس کے بعد بالآخر یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوسکی۔یاد رہے کہ اس پیش رفت کے بعد پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کے سفر میں سہولت میسر آئے گی جبکہ قومی ایئرلائن کی کارگو سروس بھی عالمی سطح پر مضبوط ہوگی، جو زرمبادلہ کمانے میں معاون ثابت ہوگی۔