اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت مسلم لیگ ن سے نہیں چل رہی۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی، ملک مشکل میں ہے، ہم سب نے مل کر اسے بچانا ہے۔ ہم اپنے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب کی قیادت ایک دوسرے کو نکال باہر کرنے میں لگی ہوئی ہے۔
آصف علی زرداری نے حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر عوام کا امتحان کیوں لیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتے، آئی ایم ایف کو کمرے میں بٹھا کر ٹیبل ٹاک کرو۔ آپ سب تیار ہو جائیں، ہمیں بہت کام کرنا ہے، نوجوانوں کو آگے لائیں گے، پنجاب کی قیادت نوجوانوں کو مواقع کیوں نہیں دے رہی؟
صدر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ بہترین سیاسی لیڈروں کو جنم دیتی ہے، میں نے ہمیشہ سیاست سکھائی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر نعرہ لگایا، پیپلز پارٹی غریب لوگوں کو روزگار دینے والی جماعت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تنظیمی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد ڈر ائنگ روم کی سیاست نہ کریں اور اس سے باہر نکلیں۔
61