اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر مسلم لیگ ن نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات بغیر پیشگی شرائط کے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹا ئون میں پارٹی رہنما ئوں کا اجلاس ہوا
جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش پر تبادلہ خیال کیا گیا
اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز، وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق اور دیگر سینئر رہنما ئوں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو حکومت ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حالات خراب ہونے کے بجائے بہتر ہوں، ملک کے حالات بہتر ہوں، الیکشن کب ہونے ہیں اس حوالے سے سب کچھ واضح ہے، عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنا چاہتے ہیں تو ان صوبوں میں اپنی خواہش پوری کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مل کر مسئلے کو حل کرنا سیاست اور جمہوریت کا نام ہے، ہم کسی کو بلیک میل نہیں کریں گے۔
سب کچھ قانون اور آئین کے مطابق ہوگا، اب تمام فیصلے سیاستدانوں کو کرنے ہیں، سب کو مل بیٹھ کر ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا، پہلے بہت بلیک میلنگ ہوتی تھی
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی زیر بحث معاملے پر مشاورت کریں گے۔ حتمی مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کا پالیسی بیان چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔