اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے انتخابات کا پہلا مرحلہ ، آج 24 حلقوں میں پولنگ ہو گی ۔مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی کے 90 میں سے 24 حلقوں میں پولنگ آج ہوگی، جس کے لیے 219 امیدوار میدان میں ہیں، سات اضلاع میں 23 لاکھ 27 ہزار 580 افراد کو ووٹ دینے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔مقبوضہ جموں کے تین حلقوں ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ کی 8 نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں جب کہ 4 اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام کی 16 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
پولنگ کے لیے 14 ہزار افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے، ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔تقریباً ایک دہائی بعد ہونے والے ان ریاستی انتخابات میں بھارت نے 35 ہزار کشمیری پنڈتوں سے ووٹ لینے کی تیاری کی۔پچھلی اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی مخلوط حکومت بنی تھی۔