اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے آصف زرداری کو ترکی بہ ترکی جواب دے کر اجلاس میں موجود پارٹی رہنماؤں کو حیران کردیا۔
اجلاس میں ارکان نے بعض معاملات پر پی پی قیادت پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ اگر پیپلز پارٹی ان کا ساتھ نہ دیتی تو شہباز شریف کبھی وزیراعظم نہ بن سکتے۔
ایک مرحلے پر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ سے کہا کہ آپ نے شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر بنا یاتھا
جس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا ہے۔ بلاول کے بے باک جواب پر آصف زرداری مسکرا دیئے۔
سی ای سی ارکان نے کہا کہ ن لیگ اور جے یو آئی کے رہنما تنقید کرکے احسانات کا بدلہ چکا رہے ہیں۔
ارکان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہو کر ہم نے گھاٹے کا سودا کیا، اب موجودہ حالات میں الیکشن کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔
سی ای سی ارکان نے وفاقی کابینہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کا معاملہ آصف زرداری کو سونپ دیا۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی نگراں سندھ حکومت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔
پی پی قیادت نے وفاقی کابینہ کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور ارکان کو الیکشن کمیشن پر بیان بازی سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔