اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے کراچی میں پولیس ہیڈ آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پوری ریاستی طاقت اور تعاون استعمال کرنا ہوگا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر کراچی کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم و حوصلے کو نہیں توڑ سکتیں۔
صدر ملکت ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی پولیس آفس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے، بلاول بھٹو نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام پر ہر حملے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ملک دشمن عناصر اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر پولیس، رینجرز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی شہر کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
عبدالقادر پٹیل
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پولیس ہیڈ آفس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں، دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، پوری قوم سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے