اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) نیورو سائنس کی ماہر ایمیلی میکڈونل نے ایک ایسا "چیٹ کوڈ” پیش کیا ہے جو انسانی دماغ کو نئے انداز میں سوچنے پر مجبور کر کے کامیابی کی راہیں ہموار کر سکتا ہے۔
ایمیلی، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر دماغی صلاحیت، موٹیویشن اور نیوروپلاسٹیسٹی (دماغ کی لچک) کے موضوعات پر مقبول ہیں، کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی کوشش میں شدت اور جذبہ پیدا کرے تو وہ اپنے ذہنی نظام کو نئے طریقے سے پروگرام کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق، معمولی کوشش یا غیر جذباتی رویہ دماغ کو پرانے نمونوں میں قید رکھتا ہے۔ البتہ اگر کام کو شدت، جوش اور مقصدیت کے ساتھ کیا جائے تو دماغ نئی راہوں پر چلنا شروع کر دیتا ہے۔ ایمیلی نے تین اہم اصول بتائے
1. شدت کے ساتھ کام کرنا دماغی نیوروپلاسٹیسٹی کو بڑھاتا ہے۔
2. انتہائی کوشش ڈوپامین کے اخراج میں اضافہ کرتی ہے، جس سے محرک اور رفتار پیدا ہوتی ہے۔
3. جذباتی وابستگی دماغ کو مخصوص مقاصد، مواقع اور افراد کی پہچان میں مدد دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کامیابی صرف محنت سے نہیں بلکہ سوچ کے نئے زاویے اختیار کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔ایمیلی کے مطابق اگر کوئی شخص اپنے دماغ کو "ری سیٹ” نہیں کرے گا تو وہ ہمیشہ انہی خیالات اور رویوں کے گرد گھومتا رہے گا جنہوں نے ماضی میں اس کی سمت متعین کی تھی۔