اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان لاہور میں ہونے والی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے لیے بیوروکریٹ کے بجائے کسی سیاستدان کو لانے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے کی حتمی تاریخ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے آئی ایم ایف سے امدادی پیکج کے لیے وزیراعظم کے کلیدی کردار کو سراہا اور آئی ایم ایف معاہدے پر مبارکباد دی، وزیراعظم شہباز شریف نے اس پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔
سابق صدر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کرگئی جو صاف کررہے ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے ہمیں کامیابیاں مل رہی ہیں، ہم ملک سے انتشار اور بغاوت کی سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینک کر سیاسی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں، ان لوگوں کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا جو ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔