اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات ماننے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے پرامن احتجاج کا اعلان کیا تھا، لیکن صورتحال تشدد کی طرف چلی گئی۔ مشتعل مظاہروں اور فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید اور دس زخمی ہوئے۔
چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ احتجاج میں مختلف علاقوں کے لوگ شامل ہیں اور اگر یہ صرف کشمیری عوام تک محدود رہتا تو شاید صورت حال مختلف ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے بھی عوامی ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات تسلیم کر چکی ہے لیکن اس کے باوجود احتجاج کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں اور کمیٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیں اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مظاہرین نے پرامن احتجاج کے بجائے تشدد کا راستہ اختیار کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ عوامی ایکشن کمیٹی سے رابطہ کریں گے اور باقی مطالبات پر بھی بات چیت کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔