اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے واضح کیا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے زیادہ بلوں پر احتجاج کو ‘غیر اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے مسترد نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ بجلی کے بلوں نے ملک میں افراتفری پھیلا دی ہے اس کے جواب میں وزیراعظم نے ملک میں انتشار کے امکان کو مسترد کر دیا لیکن اس معاملے کو ‘معمولی مسئلہ قرار نہیں دیا۔
بعض میڈیا گروپس کی جانب سے یہ خبر دی گئی تھی کہ نگران وزیر اعظم نے بجلی کے زیادہ بلوں کے معاملے کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو بعض سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے طور پر استعمال کررہی ہیں تاہم بعد ازاں مرتضیٰ سولنگی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والے شخص کی حیثیت سے وہ جانتے ہیں کہ بجلی کے بل قوم کے لیے بہت تشویشناک ہیں اور انہوں نے بجلی مہنگی ہونے کی وجوہات بتائی تھیں لیکن بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم نے کبھی عوام کے مسائل کو غیر منصفانہ یا غیر اہم نہیں کہا، وہ امن و امان کی صورتحال پر بات کر رہے تھے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ملک کے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاہدے ہیں، بین الاقوامی قرض دہندگان سے کیے گئے وعدوں پر سمجھوتہ کیے بغیر عوام کے لیے مسائل کا حل نکالا جائے گا۔