اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ایک خوشگوار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی
جہاں وزیرِاعظم مارک کارنی نے آرٹیمِس ٹو مشن کی ٹیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کینیڈین خلاباز جیریمی ہینسن بھی موجود تھے، جن کے ساتھ وزیرِاعظم نے نہ صرف مشن کی کامیابی پر گفتگو کی بلکہ ہلکے پھلکے انداز میں مذاق بھی کیا، جس سے تقریب کا ماحول خوشگوار ہو گیا۔
وزیرِاعظم مارک کارنی نے آرٹیمیس II مشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی مشن نہ صرف سائنسی ترقی کا مظہر ہے بلکہ پورے کینیڈا کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس کامیابی سے بے حد متاثر ہے اور یہ خلائی تحقیق میں کینیڈا کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔ اس پر جیریمی ہینسن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس مشن میں کینیڈا اور امریکا کے جھنڈے ایک ساتھ لہرا رہے ہیں اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک مل کر زیادہ مضبوط ہیں۔
تقریب کے دوران ایک دلچسپ لمحہ بھی آیا جب مارک کارنی نے مسکراتے ہوئے جیریمی ہینسن سے پوچھا کہ وہ پینکیکس کے ساتھ میپل سیرپ کو ترجیح دیتے ہیں یا نیوٹیلا کو، جس پر حاضرین قہقہوں سے گونج اٹھے۔ اس موقع پر وزیرِ صنعت میلانیا جولی بھی موجود تھیں، جنہوں نے خلائی شعبے میں کینیڈا کی کامیابیوں کو سراہا۔ کینیڈین خلائی ایجنسی کے مرکز سے براہِ راست نشر کی گئی، جہاں عوام نے اپنے ہیروز کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔ یاد رہے کہ جیریمی ہینسن اور ان کی ٹیم حال ہی میں اپنا مشن مکمل کرکے جمعہ کے روز بحفاظت زمین پر واپس آئے، جسے عالمی سطح پر ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔