اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے پیر کے روز برٹش کولمبیا کے علاقے نانوس بے میں واقع کینیڈین بحریہ کی تجرباتی اور آزمائشی تنصیب کا دورہ کیا۔ یہ تنصیب سمندری آلات کی جانچ، مشقوں اور تربیت کے لیے استعمال کی جاتی ہے، اور یہ وینکوور آئی لینڈ کے شمالی حصے میں واقع ہے۔
وزیر اعظم نے بحریہ کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور تنصیب میں موجود عملے سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے بحری مشقوں میں استعمال ہونے والے ایک خصوصی جہاز کا بھی معائنہ کیا، جو سمندر میں داغے گئے ٹارپیڈو کو واپس لانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس موقع پر انہیں نیوی کی جدید ٹیکنالوجی، تجرباتی نظام اور تربیتی عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس دورے کا مقصد ملک کی دفاعی تیاریوں، سمندری سیکیورٹی، اور نیوی کی جدید کاری کے عمل کا جائزہ لینا تھا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ کینیڈین افواج ملک کی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور حکومت ان کی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاعی شعبے کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ فوج کو بہتر سازوسامان، ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے بدلتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعظم کا یہ دورہ کینیڈا کی بحریہ کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کے عزم کی ایک واضح مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد نہ صرف داخلی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے بلکہ عالمی سطح پر کینیڈا کے کردار کو مزید مؤثر بنانا بھی ہے۔