اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کو دورۂ ملائیشیا کے دوران بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اینڈ گورننس میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔
یہ تقریب ریاست پہانگ میں منعقد ہوئی جہاں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے وزیراعظم کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔
ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے عزم، نظم و ضبط اور ہمدردی کے ساتھ قوم کی خدمت کی۔ ان کے مطابق، وزیراعظم نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارتِ عظمیٰ کے منصب تک یہ ثابت کیا کہ حقیقی قیادت اقتدار نہیں بلکہ مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif receives an Honorary Doctorate Degree in Leadership and Governance from the International Islamic University Malaysia (IIUM).
The distinguished degree is conferred by Her Majesty Tunku Azizah Aminah Maimunah Iskandariah, the Queen of Pahang… pic.twitter.com/EqIFEDmCtw
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) October 7, 2025
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ جیسے اقدامات کے ذریعے شہباز شریف نے ہزاروں طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے۔ ان کی قیادت اور طرزِ حکمرانی کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ دینا باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصہ پنجاب کے عوام کی خدمت خلوص نیت سے کی، اور اب وزیراعظم کی حیثیت سے پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم دنیا کی ایک باوقار درسگاہ سے منسلک ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ ادارہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعلقات مزید مستحکم ہوں۔