اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دی جارہی ہے تاکہ زرعی خود کفالت حاصل کی جاسکے۔
زرعی شعبے کی وسیع صلاحیت کو معیشت کی تیز رفتار ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں سے نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی تحقیق پر توجہ دی جانی چاہیے اور پائیدار اور طویل مدتی زرعی صنعتی ترقی کے لیے ایک پالیسی وضع کی جانی چاہیے تاکہ زراعت کے ساتھ ساتھ ملک میں جنگلات کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ایک مربوط حکمت عملی وضع کرنے اور اس سلسلے میں صوبوں سے مشاورت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے زرعی شعبے کے حوالے سے قومی زرعی اختراع کے منصوبے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زرعی بیج سرٹیفیکیشن کے نظام میں جاری اصلاحات کو تیز کیا جانا چاہئے، اعلی معیار کے بیجوں کے فروغ کے لئے ایک موثر حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ ہماری ترجیح ہے، اور ایک جامع ریگولیٹری فریم ورک قائم کیا جانا چاہئے
اجلاس میں زرعی شعبے میں اصلاحات کے لیے بنائے گئے ورکنگ گروپ کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں۔.اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصول محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری اہلکار موجود تھے۔